بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
آداب مجلس (۱) (احادیث کی روشنی میں)
-
”حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: تم میں سے کوئی دوسرے کو اٹھا کے اس کی جگہ پر نہ بیٹھے ہاں جگہ نکال دو اور جگہ دے دو“۔ (صحیح بخاری، صحیح مسلم)
جگہ نکالنے سے غالباً مراد ہے کہ مجلس میں جگہ رکھ کر نہ بیٹھو، جیسا کہ مسجد میں حکم ہے کہ پہلے آنے والے پہلی صفوں پر بیٹھے تاکہ بعد میں آنے والوں کو کاندھے پھلانگ کر نہ آنا پڑے، یہی اصول مجلس میں بھی رکھنا چاہئے۔ واللہ اعلم۔
-
”حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا :۔ جب کوئی شخص کسی کام کے لئے جگہ چھوڑ کر جائے اور پھر وہ واپس آئے تو وہی اس جگہ کا زیادہ مستحق ہے“۔ (جامع ترمذی ، صحیح مسلم)
دو آدمیوں کے درمیان اجازت کے بغیر نہ بیٹھو :-
-
”حضرت عبداللہ بن عمرو بن عاص رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا :۔ دو آدمیوں کے درمیان میں ان کی اجازت کے بغیر نہ بیٹھا جائے“۔ (سنن ابو دائود)
جہاں جگہ پاؤ بیٹھ جاؤ :-
-
”حضرت جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ہم رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوتے تو ہم میں سے ہر ایک جہاں جگہ پاتا بیٹھ جاتا “۔ (سنن ابو دائود)
اس سے مراد ہے کہ خاص جگہ پر پہنچنے کیلئے دوسروں کے اوپر سے مت پھلانگو یہ مسلمان کی بے ادبی ہے ہاں اگر جگہ ہو اور بغیر پھلانگے جائے جا سکے تو ٹھیک ہے، اس کی بڑی سخت وعید آئی ہے اور پہلے آنے والوں کا فرض ہے کہ وہ آگے ہو کر بیٹھیں۔
حلقہ کے درمیان بیٹھنے والوں پر لعنت :-
-
”حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے حلقہ کے بیچ بیٹھنے والے پر لعنت فرمائی ہے“۔ (سنن ابو دائود )
حلقہ کے بیچ بیٹھنے والے سے مراد وہ شخص ہے جو لوگوں کے کاندھے پھلانگ کر حلقہ کے درمیان میں آکر بیٹھ جائے۔ دوسرا مطلب یہ ہے کہ کچھ لوگ حلقہ بنائے بیٹھے ہوں اور ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں۔ ایک آدمی آکر اس حلقہ کے درمیان میں بیٹھ جائے کہ بعض لوگوں کا ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہونا باقی نہ رہے۔ (معارف الحدیث)**
گردنوں کو پھلانگنے پر وعید :-
-
”حضرت معاذ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا :۔ جس نے جمعہ کے دن لوگوں کی گردنوں کو پھلانگا وہ جہنمیوں کیلئے پل بنا دیا گیا “۔ (جامع ترمذی)
کشادہ جگہ میں مجلس منعقد کرو :-
-
”حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا :۔ بہترین مجلس وہ ہے جو کشادہ جگہ میں منعقد کی جائے “ ۔ (سنن ابو دائود)