بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ
دجال کا ظہور اور حلیہ (قیامت کی بڑی علامات)
(احادیث کی روشنی میں)
قیامت سے قبل دجال ظاہر ہوگا :۔
-
”حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں، رسول اکرم ﷺ نے ہمیں آگاہ فرمایا ’دجال مشرق کی سرزمین سے نکلے گا جس کا نام خراسان ہے۔ چوڑے بھاری ڈھالوں جیسے چہروں والے لوگ اسکے ساتھ ہوں گے‘۔ (سنن ابن ماجہ)“ وضاحت :۔ چوڑے بھاری ڈھالوں جیسے چہروں سے مراد گوشت سے پُر چپٹے چہرے والے لوگ ہیں۔ واللہ اعلم بالصواب!
کسی بات پر غضب ناک ہونا دجال کے خروج کا سبب بنے گا :۔
-
”حضرت حفصہ رضی اللہ عنہا روایت کرتی ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ’دجال کا لوگوں کے سامنے نکلنے کا پہلا سبب اس کا غصہ ہوگا جو اسے غضب ناک بنا دے گا‘۔ (صحیح مسلم)“
دجال کہاں ہے؟ :۔
-
”حضرت فاطمہ بنت قیس رضی اللہ عنہا روایت کرتی ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ’آگاہ رہو، دجال شام یا یمن کے سمندر میں موجود ہے (پھر فرمایا) نہیں بلکہ وہ مشرق کی طرف ہے، وہ مشرق کی طرف ہے، وہ مشرق کی طرف ہے۔ پھر آپ ﷺ نے اپنے ہاتھ مبارک سے مشرق کی طرف اشارہ فرمایا‘۔ (صحیح مسلم)“ وضاحت :۔ رسول اکرم ﷺ نے پہلے شام یا یمن کے سمندر کا ذکر فرمایا پھر فوراً ہی اس کی تردید فرما کر، تاکید کے ساتھ مشرق کے کسی سمندر کا ذکر فرمایا۔ شارحین حدیث نے اسکی وضاحت میں یہ لکھا ہے کہ آپ ﷺ کا پہلی بات کی تردید فرما کر دوسری بات کی تین مرتبہ تاکید فرمانا وحی کی بناء پر تھا۔ واللہ اعلم بالصواب!
دجال کا حلیہ :۔
-
”حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ’میں نے خواب میں دیکھا کہ میں طواف کر رہا ہوں اچانک میں نے ایک آدمی دیکھا گندم گوں، سیدھے بالوں والا اسکے بالوں سے پانی ٹپک رہا تھا جیسے ابھی ابھی غسل کیا ہو میں نے پوچھا یہ کون ہے؟ انہوں نے بتایا عیسیٰ بن مریم علیہ السلام۔ پھر میں نے دوسری طرف توجہ کی تو ایک سُرخ رنگ کا موٹا آدمی نظر آیا جسکے سر کے بال گھنگریالے آنکھ کانی تھی، جس طرح پھولا ہوا انگور ہو، میں نے پوچھا یہ کون ہے؟ انہوں نے جواب دیا یہ دجال ہے‘۔ (صحیح بخاری)“
دجال کی دونوں آنکھوں کے درمیان کافر لکھا ہوگا :۔
-
”حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا ’کوئی نبی ایسا نہیں آیا جس نے اپنی اُمت کو کانے اور جھوٹے (دجال) سے نہ ڈرایا ہو، آگاہ رہو وہ کانا ہے اور تمہارا ربّ کانا نہیں ہے اور دجال کی دونوں آنکھوں کے درمیان ”کافر“ لکھا ہوگا‘۔ (صحیح بخاری)“ وضاحت :۔ آپ ﷺ نے یہ بات بھی ارشاد فرمائی کے کافر کا لفظ ہر مسلمان پڑھ لے گا، خواہ پڑھا لکھا ہو یا ان پڑھ۔
دجال کے سر پر بہت زیادہ بال ہوں گے :۔
-
”حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ’دجال بائیں آنکھ سے کانا ہے، اسکے سر پر بہت زیادہ بال ہوں گے، اسکے ساتھ جنت اور جہنم ہوگی، (خبردار) اسکی جہنم جنت ہوگی اور جنت جہنم ہوگی‘۔ (سنن ابن ماجہ)“
اس سلسلے کی آئندہ سلائیڈ ہوگی، انشاء اللہ:۔ دجال کا فتنہ، اسکی شدت اور مدت (احادیث کی روشنی میں)